|
مصری فوج کی پھر بے رحمانہ فائرنگ، مرسی کے مزید 100 حامی جاں بحق، ہلاکتیں 700 سے زیادہ ہوگئیں ????? ?? جنگ - 17-8-2013 قاہرہ(جنگ نیوز/اے ایف پی) مصر میں معزول صدر محمد مرسی کے حامیوں کا مظاہرہ جاری ہے، صدر مرسی کی برطرفی اور فوج کی جانب سے مظاہرین کے قتل عام کیخلاف جمعے کو ملک بھر میں یوم غضب منایا گیا، اس دوران اخوان کی جانب سے احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں، مرسی کے حامیوں اور فورسز کے درمیان جھڑپوں اور بے رحمانہ فائرنگ سے کم سے کم 100افراد کے جاں بحق ہونے کی اطلاعات ہیں۔بدھ سے شروع ہونے والی کارروائی کے نتیجے میں اب تک 700سے زیادہ افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔ ادھر سعودی عرب نے مصری فوج کی حمایت کا اعلان کردیا ہے۔ سعودی عرب کے شاہ عبداللہ نے اپنے بیان میں کہا کہ سعودی عرب دہشت گردوں کے خلاف فوجی کارروائی کی حمایت کرتا ہے۔ شاہ عبداللہ نے کہا کہ مصر کے استحکام کو منافرت پھیلانے والے نشانہ بنا رہے ہیں۔ انھوں نے خبردار کیا ہے کہ جو بھی مصر کے داخلی امور میں مداخلت کرے گا،وہ بغاوت کو ہوا دے گا۔مصر کی صورتحال پر غور کیلئے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس ہوا۔ جس میں مصر میں فریقین پر تشدد ترک کرنے کے لیے زور دیا گیا۔فرانس نے خبرادار کیا ہے کہ مصر میں پرتشدد کارروائیوں سے انتہا پسندوں کو فائدہ ہوگا۔ادھر ملک میں ایمرجنسی کے باوجود اخوان المسلمین نے مظاہرے جاری رکھنے کا اعلان کیا ہے۔ترکی کی صدر نے مصر میں جاری ہنگاموں کو اسلام اور عرب دنیا کے لئے شرمناک قرار دیا ہے۔ مصر اور ترکی نے اپنے اپنے سفیروں کو واپس بلالیا ہے۔ترکی نے مصر کے ساتھ شیڈول بحری مشقیں بھی منسوخ کردی ہیں۔ مصر میں فوجی جارحیت کے خلاف انڈونیشیا، ملائشیا، سوڈان و دیگر ممالک میں بھی احتجاجی ریلیاں نکالی گئیں۔ یورپی یونین نے مصر کی صورتحال پر ہنگامی اجلاس طلب کرنے کا اعلان کیا ہے۔ یورپی یونین میں شامل تمام 28ممالک کے نمائندوں کا ہنگامی اجلاس پیر کو طلب کرلیا گیا ہے۔مقبوضہ بیت المقدس میں حماس کے حامیوں نے بھی مصری فوج کے سربراہ عبدالفتح السیسی کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔ فلسطینی اسلامی موومنٹ کے 600کے قریب کارکنوں نے نماز جمعہ کے بعد غزہ میں مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے سیسی کو امریکی ایجنٹ قرار دیا۔ مظاہرین نے سیسی کو ہٹلر قرار دیا اور کہا کہ ہٹلر نے تو اپنے لوگوں کیلئے یہودیوں کو قتل کیا تھا لیکن سیسی یہودیوں کیلئے اپنے لوگوں کو قتل کررہا ہے۔معزول صدر کی جماعت 'اخوان المسلمون' کی اپیل پر مصر کے مختلف شہروں میں نمازِ جمعہ کے بعد لاکھوں افراد سڑکوں پر نکل آئے اور اپنے ساتھی مظاہرین کے خلاف بدھ کو ہونے والی ہلاکت خیز فوجی کارروائی پر احتجاج کیا۔
اخبار -
|